• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی، استحصال کشمیر سے متعلق قرارداد منظور، حیثیت کی تبدیلی غیر قانونی ہے، مراد علی شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی نے منگل کو استحصال کشمیر سے متعلق ایک قرارداد متفقہ طورپر منظور کرلی ،قرار داد صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور ضیا الحسن لنجار نے پیش کی تھی ۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایوان میں تقریر کرتے ہوئے پاکستان کے اس دیرینہ موقف کا اعادہ کیا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اورمقبوضہ کشمیر کی حیثیت کی تبدیلی کی کوشش غیر قانونی اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو اور بے نظیر نے کشمیریوں کے لئے آوازبلندکی،صدر زرداری اور بلاول بھی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کررہے ہیں۔ بھارت کی غاصب حکومت نے آج کے دن مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی جو کوشش کی تھی اس کا یہ اقدام سراسر غیرقانونی اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی تھا جس کی سندھ اسمبلی بھرپور مذمت کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میری جماعت کے بانی شہید بھٹو نے دنیا بھر میں بھرپور طریقے سے کشمیریوں کے لئے آوازبلندکی۔محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی ہمیشہ کشمیر کے مسئلے کو دنیا میں زندہ رکھا اور موجودہ صدر مملکت آصف زرداری نے ہر فورم پر کشمیر کا معاملہ اٹھایا ۔اسی طرح بلاول بھٹو نے بھی ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کی بات کررہے ہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کی بھی مذمت کی اور کہا کہ ہم پوری دنیا سے اپیل کرتے ہیں اسرائیل کے ظلم کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ اس موقع پرسندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود، متحدہ قومی موومنٹ، تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں نے ایک آواز ہو کر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کا واضح مو قف تھا کہ کشمیر کے مسئلے پر وہ کبھی غلطی نہیں کریں گے۔
اہم خبریں سے مزید