• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مکمل شدہ بی ایچ یوز کو متعلقہ محکمہ کےحوالے نہ کرنے پروزیر تعمیرات کا اظہارِ برہمی

لاہور ( جنرل رپورٹر ) صوبہ پنجاب میں بنیادی مراکز صحت کی ری ویمپنگ کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری عبداللہ نیئر، ایڈیشنل سیکرٹری امیر الحسن شاہ، مختلف اضلاع کے ایکسینز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر کو بریفنگ دی گئی کہ 8467 ملین روپے کی لاگت سے 515 بی ایچ یوز کی ری ویمپنگ جاری ہےاجلاس کو مزید بتایا گیا کہ 426 بی ایچ یوز ری ویمپنگ کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، 77 پلستر کے مرحلے میں جبکہ 8 بی ایچ یوز ڈسمنٹلنگ کے مرحلے میں ہیں۔صوبائی وزیر نے پہلے مرحلے میں مکمل شدہ بی ایچ یوز کو محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے حوالے نہ کرنے پر سخت اظہارِ برہمی کیا اور چکوال، بھکر، فیصل آباد، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان اور راجن پور کے متعلقہ افسران کو فوری طور پر بلڈنگز ہینڈ اوور کرنے کی ہدایات جاری کیں۔مزید برآں لاہور میں آٹزم سے متاثرہ بچوں کے لیے زیر تعمیر اسکول بھی تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے بھی ایک خصوصی اجلاس صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ہوا جس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف، سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن عبداللہ نیئر، ماہرین ڈیزائن و تعمیرات اور دیگر افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں اسکول کے داخلی حصے کلاس رومز، لابی، تھراپی رومز، سنٹرل ایٹریم اور بیرونی عمارت کی انٹیریئر و ایکسٹیریئر ڈیزائنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
لاہور سے مزید