امریکی حاضر سروس فوجی کو روس کو امریکی ٹینکوں سے متعلق حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی ادارہ انصاف نے ایک امریکی فوجی ٹیلر ایڈم لی کو امریکی فوجی ٹینک ایم-1 ابراہم سے متعلق حساس معلومات روس کو فراہم کرنے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
ایل پاسو ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے حاضر سروس 22 سالہ ٹیلر ایڈم لی پر الزام ہے اس نے جون میں امریکی ٹینک سے متعلق معلومات روس کی شہریت کے حصول کے بدلے، ایک روسی انٹیلی جنس افسر کو دیں۔
استغاثہ نے الزام لگایا کہ ٹیلر ایڈم لی جنہیں امریکی فوج کی جانب سے حساس معلومات تک رسائی کی کلیئرنس حاصل ہے، انہوں نے روسی حکومت کو خفیہ طور پر معاونت فراہم کی اور ٹیکساس میں ٹینکوں کے اسٹوریج سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے بعد مشن مکمل ہوجانے کا پیغام ایک شخص کو روانہ کیا جو مبینہ طور پر ایک روسی انٹیلی جنس آفیسر تھا۔
محکمہ انصاف کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات میں مزید انکشاف ہوا کہ ایڈم لی نے مبینہ طور پر ایک میموری کارڈ دیا جس میں ٹینک اور دوسری فوجی گاڑیوں سے آپریشنز سے متعلق حساس معلومات موجود تھیں۔
بتاتے چلیں کے امریکی ساختہ ابراہم ٹینک اس وقت یوکرین کی جنگ میں بھی حصہ لے رہے ہیں اور اسی حوالے سے ٹیلر ایڈم لی کی فراہم کردہ معلومات ممکنہ طور روس کے لیے اہم ہوسکتی ہیں۔