• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلک شبیر نے میرے گانے حذف کیے اور شو منسوخ کروائے: سڈ ریپر کا دعویٰ

پاکستان کے معروف ٹک ٹاکر اور ریپر سڈ ریپر نے معروف گلوکار فلک شبیر پر ان کے گانے حذف کرنے اور شو منسوخ کرنے کا الزام عائد کر دیا۔

حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں ٹک ٹاکر نے بطور مہمان شرکت کی۔ جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی سمیت کیریئر سے متعلق گفتگو کی۔

ٹک ٹاک پر 14.1 ملین فالورز رکھنے والے ٹک ٹاکر نے دورانِ انٹرویو اپنی شادی کی منصوبہ بندی سے متعلق بتایا اور کہا کہ میں جلد شادی کے بندھن میں بندھنے والا ہوں لیکن ہونے والی دلہنیا سے متعلق زیادہ نہیں بتاؤں گا۔

میوزک کو کم وقت دینے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ریپر نے ناخوشگوار تجربات شیئر کیے۔

انہوں نے بتایا کہ 5 سے 6 سال پہلے میں میوزک شوز کیا کرتا تھا، اس وقت میں فلک شبیر کے ساتھ بھی پرفارم کرتا تھا۔ ہمارے بیشتر گانے پارٹی تھیم پر مبنی ہوتے تھے، جنہیں شائقین بہت پسند کرتے تھے۔

ٹک ٹاکر کے مطابق اس وقت فلک شبیر کے منیجر ڈی جے میک ہوا کرتے تھے وہ ہمیں ایسے گانوں پر پرفارم کرنے سے روکتے تھے اور اگر ہم پھر بھی پرفارم کریں تو کنسرٹس کے دوران ٹیکنیکل مسائل پیش آتے، اچانک مائیک بند ہوجاتا اور شو کرنا مشکل ہوجاتا۔

سڈ ریپر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈی جے میک نے کئی بار دورانِ کنسرٹ ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی اور گالیاں بھی دیں جس پر ان سے جھگڑا بھی ہوا جبکہ فلک شبیر نے خود میرے لیپ ٹاپ سے گانے ڈیلیٹ کیے اور کہا کہ ان گانوں پر پرفارم نہ کرو۔ ان کے سامنے مذمت کرنے پر میرے شوز بھی منسوخ کر دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ معروف فنکار بعض اوقات دوسروں کو شہرت حاصل کرتا دیکھ غیر محفوظ ہوجاتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ ابرار الحق کے ساتھ بھی ہوا۔ 

ٹک ٹاکر نے بتایا کہ ابرار الحق کے ساتھ ’بدو بدی‘ کا ری مکس بنایا جو ہٹ بھی ہوا لیکن ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے مجھے پہچاننے سے منع کردیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید