• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چہلم امام حسینؓ، مرکزی جلوس میں گاڑیوں کی انٹری کیلئے حکمنامہ جاری

کراچی( اسٹاف رپورٹر )چہلم حضرت امام حسینؓ کے مرکزی جلوس میں گاڑیوں کی انٹری کے لیے ٹریفک پولیس نے حکمنامہ جاری کر دیا۔ٹریفک پولیس کراچی کے مطابق 15 اگست کوچہلم حضرت امام حسینؓ کامرکزی جلوس جو کہ نشتر پارک سے شروع ہو کر حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس میں شرکت کرنے والی گاڑیوں کے لیے اسٹیکر/ پاس اپنی ونڈ اسکرین پر چپساں کرنا لازمی ہو گا۔ٹریفک پولیس کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں،ضلعی انتظامیہ، میڈیا اور گورنمنٹ ایمبولینس سروسز کے منتظمین کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ جلوس میں شرکت کے لیے اپنی گاڑیوں کا اجازت نامہ (اسٹیکر / پاس) حاصل کرنے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کے دفتر میں سیکیورٹی برانچ گارڈن ہیڈکوارٹرز آغا خان سوئم روڈ 9 تا 13 اگست تک درخواست جمع کرائیں اور 14 اگست کودوپہر 1 بجے کے بعد اسٹیکر /پاس حاصل کریں۔گورنمنٹ ادارے دفتری لیٹر جو کہ کسی گزیٹڈ آفیسر سے سائن شدہ ہو کے ساتھ جبکہ میڈیا اور ایمبولینس کے لئے ادارے کے لیٹر کے ساتھ گاڑی کی رجسٹریشن بک کی کاپی، ڈرائیور کے ویلڈ لائسنس کی کاپی،ویلڈ قومی شناختی کارڈ کی کاپی اور 2 عدد تصاویر کے ساتھ رجوع کریں۔ اجازت نامہ (اسٹیکر / پاس) حاصل کرتے وقت قانون نافذ کرنے والے ادارے، ضلعی انتظامیہ، ایمبولنس اور میڈیا آرگنائزیشن وغیرہ اپنا اصل کمپیوٹرائز شناختی کارڈ و محکمانہ شناختی کارڈ اور اپنے ادارے کے لیٹر کی کاپی دکھا کر اور اپنے شناختی و محکمانہ کارڈکی کاپی جمع کروا کر اجازت نامہ حاصل کرسکتے ہیں۔ نیز اسکا ؤٹس، انجمنوں، فلاحی ادارے، سبیل نظر و نیاز وغیرہ کی گاڑیوں کے اسٹیکر حاصل کرنے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کے نام درخواست جس کے ساتھ مندرجہ ذیل اصل دستاویزات دکھا کر اور فوٹو کاپی منسلک کر کے اسکاؤٹس رابطہ کونسل نمائش بالمقابل پردیسی ہائٹس (مزید معلومات کے لئے رابطہ نمبر 0313-2200074) میں 9تا 13اگست تک جمع کراکے رسید حاصل کریں۔ اوراپنا اجازت نامہ (اسٹیکر / پاس )14 اگست کو اسکاؤٹس رابط کونسل سے حاصل کریں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید