کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں پولیس چوکی کے باہر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو رضا کار موقع پر پہنچے اور ہلاک شخص کی لاش اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منقتل کیا۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی طارق نواز کے مطابق فائرنگ کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی پولیس چوکی ساجد زمان کے باہر کرسیوں پر بیٹھے ہوئے 3 افراد پر کی گئی جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔انھوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 22 خول ملے ہیں اور فائرنگ کے واقعہ کو مختلف پہلوؤں پر دیکھ رہے ہیں ۔انھوں نے بتایا کہ ملزمان کی تعداد کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ عینی شاہدین سے بھی مدد حاصل کی جائے گی ۔پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق شخص کی شناخت 30 سالہ عباس کے نام سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں پولیس اہلکار 28 سالہ حنیف خان ولد اجمل ، 30 سالہ صدام حسین ولد فدا حسین اور 42 سالہ فضل عمران شامل ہیں ۔