میڈرڈ(اے ایف پی،آئی این پی )اسپین میں تاریخی قرطبہ مسجد میں آگ لگ گئی ، فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے چند گھنٹوں میں آگ پر قابو پالیا۔ قرطبہ کے میئر خوسے ماریا بیلیدو نے مقام کے باہر صحافیوں کو بتایاکہ کچھ نقصان ضرور ہوا ہے، لیکن یہ بہت ہی محدود ہے۔میئر نے اندازہ لگایا کہ تقریباً 50 سے 60 مربع میٹر رقبہ آگ سے متاثر ہوا ہے، جب کہ عمارت کے اندرونی حصے کا کُل رقبہ تقریباً 3,000 مربع میٹر ہے۔ تاریخی مقام کو ہفتے کی صبح معمول کے مطابق عوام کے لیے کھول دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر نقصان اس چیپل میں ہوا ہے جہاں آگ لگی تھی، جس کی چھت آگ اور بجھانے کے لیے استعمال ہونے والے پانی کے وزن سے مکمل طور پر گر گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آگ مسجد کے ہال میں واقع چھوٹے چیپل میں لگی،آگ اندر سے بڑھتے ہوئے چھتوں کو جا پہنچی ۔یہ عظیم الشان مسجد آٹھویں صدی میں تعمیر ہوئی تھی،اس تاریخی عمارت کو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا جاچکا ہے۔