کراچی ( اسٹاف رپورٹر)بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد ایسوسی ایشن کے چیئرمین شریف میمن نے کہا ہے کہ رات کے اندھیرے میں ان کی دکانوں پر کسٹم حکام کے چھاپے ناقابل برداشت ہیں اور اس زیادتی پراحتجاج کرنے والے تاجروں کو تشدد کا نشانہ بنانا انتہائی شرمناک ہے، ایسی ماورائے قانون کاروائیاں کرنے والوں کو نہ روکا تو بھرپور احتجاج کریں گے اور ایم اے جناح روڈ کو بلاک کر کے احتجاج کریں گےوہ بولٹن مارکیٹ میں اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کے صدر محمود حامد سندھ تاجر اتحاد کے صدر جمیل پراچہ کاغذی بازار ٹریڈز ایسوسی ایشن کے صدر یونس بچو صدر ٹان کے وائس چیئرمین عبدالرحمن موتی والا کھوڑی گارڈن ایسوسی ایشن کے صدر بلال میمن صدر کواپریٹو مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری اسلم خان اورنگی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر عبداللہ بٹرا جوبلی مارکیٹ کے رہنما غنی میمن طارق روڈ کی رہنما محمد اعظم میرٹ روڈ کے رہنما حاکم خان اور دیگر رہنماں کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ، اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کراچی کے صدر محمود حامد نے اس موقع پر کہا کہ کوئی قانون کسی کی دکان کے تالے توڑ کر اس کا مال ضبط کرنے کی اجازت نہیں دیتا حکومت ایسی کاروائیوں کو روکے اور اس نا انصافی پر احتجاج کرنے والے تاجروں کو تشدد کا نشانہ بنانا انتہائی شرمناک عمل ہے ۔صدر ٹاون یو سی کے وائس چیئرمین عبدالرحمن موتی والا نے اپنے خطاب میں تاجروں کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور انہوں نے کہا کہ ہم تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے تاجروں کے ساتھ ظلم اور زیادتی انتہائی افسوسناک ہے۔