حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) رانی باغ حیدرآباد میں میونسپل کارپوریشن اورکراچی آرٹس کونسل کے اشتراک سے جشن آزادی ومعرکہ حق کے حوالے سے منعقد فیسٹیول اورگرانڈ میوزیکل شو میں اس وقت بدترین بد نظمی دیکھنے میں آئی جب سیکڑوں مرد عورتوں کے پنڈال مین گھس گئے، اس موقع پر شدید دھکم پیل ہوئی، بعض خواتین کے اسکارف اور دوپٹے گرگئے ‘ پولیس نے ہجوم میں پھنسی خواتین کونکالنے کے لئے لاٹھی چارج کیا۔مشتعل ہجوم کی پولیس اہلکاروں سے ہاتھاپائی ہوئی جبکہ صحافیوں اور کیمرہ مینوں پر تشدد بھی ہوا اور ان کے کیمرے توڑ دیئے گئے۔ حیدرآباد رینج کے 9اضلاع سے سیکورٹی کے لئے بلوائے گئے سیکڑوں اہلکار ضلعی انتظامیہ ہنگامہ آرائی پر قابو پانے میں ناکام رہے‘ درجنوں افراد بے ہوش‘ جھگڑے کے دوران میوزیکل پروگرام میں آنے والے 25سے زائد شہریوں کی موٹرسائیکل بھی چوری ہوگئیں ‘ بے ہوش و زخمی ہونے والوں سمیت صحافیوں کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال لایاگیا ‘ حیدرآباد کی صحافی تنظیموں اور کیمرہ مین ایسوسی ایشن نے صحافیوں وکیمروں مینوں پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ شب جی او آر تھانے کی حدود میں واقع شہر کی سب سے بڑی تفریح گاہ رانی باغ میں بلدیہ حیدرآباد کے میئر کاشف شورو اور کراچی آرٹس کونسل کی جانب سے جشن آزادی ومعرکہ حق فیسٹیول وگرانڈ میوزیکل پروگرام میں سخت سیکورٹی انتظامات‘ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری کی تعیناتی کے باوجود شدید ہلڑبازی اور ہنگامہ آرائی‘ انتظامیہ روکنے میں ناکام ہوگئی ۔