کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ تعلیم جماعت اسلامی کی اوّلین ترجیح ہے، اپنے 9ٹاؤن کے تحت آنے والے تمام اسکولوں کو ماڈل اسکول بنائیں گے، مختصر عرصے میں صرف لیاقت آباد ٹاؤن میں 9اسکولوں کی تزئین وآرائش اور تعمیر ِ نو اور16پارکوں کو بحال و آباد کیا، روڈ سائیڈ جنگل کے تصور کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے، شجر کاری مہم تیزی سے جاری ہے، حکومت اور ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے کیونکہ تعلیم ہی کے ذریعے ملک اور قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، سندھ حکومت شہر میں ترقیاتی کاموں کے بجائے 14اگست کے موقع پر ناچ گانے کے پروگرام کرانے میں مصروف ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو لیاقت آباد ٹاؤن کے تحت یوسی 7میں نواب صدیق علی خان اور شبلی نعمانی کے نام سے منسوب اسکولوں کی تعمیر نو اور تزئین آرائش کے بعد افتتاح کے موقع پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔