فٹبال کی دنیا کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور انکی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگیز کی شادی کب اور کہاں ہو سکتی ہے؟ سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں تیز ہوگئیں۔
گزشتہ دنوں فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ہسپانوی ماڈل جارجینا روڈریگیز نے انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے فالوورز کو خوش خبری سنائی تھی۔
انہوں نے 30 قیراط کے ہیرے کی انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے رونالڈو سے شادی کا اشارہ دیا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شادی سے متعلق چے مہ گوئیاں اور قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ یہ دونوں کب اور کہاں شادی کرنے والے ہیں۔
رونالڈو فی الحال سعودی کلب النصر کے لیے کھیل رہے ہیں اور 2027ء تک معاہدے میں بندھے ہیں۔ اسی وجہ سے کہا جا رہا ہے کہ شادی ریاض یا دبئی جیسے ہائی پروفائل مقامات پر ہو سکتی ہے۔
تاہم جذباتی وابستگی کے باعث اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ بھی ایک مضبوط امیدوار ہے، یہی وہ شہر ہے جہاں 2016ء میں دونوں پہلی بار ملے تھے اور یہ جارجینا کا جائے پیدائش بھی ہے۔
اس کے علاوہ رونالڈو کے آبائی ملک پرتگال میں شادی کرنا بھی ان کے لیے ایک معنی خیز انتخاب ہو سکتا ہے۔
ممکنہ تاریخ کے حوالے سے مداح اندازہ لگا رہے ہیں کہ یہ شادی 2026ء میں رونالڈو کے النصر کے سیزن کے اختتام کے بعد ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ رونالڈو اور جارجینا کی محبت کی کہانی براعظموں تک پھیلی ہے، 2016ء میں میڈرڈ میں ایک معروف برانڈ کے اسٹور میں ملاقات کے بعد دونوں نے تعلقات کا آغاز کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کے درمیان ایک بریک اپ معاہدہ بھی طے ہے، جس کے مطابق اگر وہ الگ ہو جائیں تو جارجینا کو زندگی بھر کے لیے ماہانہ 1 لاکھ 14 ہزار امریکی ڈالر سے زائد پنشن اور رونالڈو کی قیمتی جائیداد، لا فِنکا مینشن (جس کی قیمت 5 ملین یورو ہے) کی ملکیت ملے گی۔