• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاغان، ناران اور بٹہ کنڈی وادیوں کے ماسٹر پلان کی تیاری

پشاور(جنگ نیوز)وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی خیبر پختونخوا میں سیاحت کو فروغ دینے کے ویژن کے تحت، کاغان، ناران اور بٹہ کنڈی وادیوں کے لیے ماسٹر پلان پیکیج نمبر ون تیار کرنے کا پہلا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت محکمہ ثقافت، سیاحت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبر پختونخوا کے سیکرٹری ڈاکٹر عبدالصمد نے کی اور شبیر خان ڈایریکٹر جنرل کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور شہر ساز گرم کے نمائندہ وفد نے شرکت کی۔ ماسٹر پلان مرتب کرنے کے لیے جامع مطالعہ جات کرنے کا کام کنسلٹنگ فرم "شہر ساز" کو سونپا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد اسٹریٹجک زوننگ، انفراسٹرکچر کی منصوبہ بندی اور اسٹیک ہولڈرز کی جامع شمولیت کے ذریعے پائیدار سیاحتی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل جناب شبیر خان کو ماسٹر پلاننگ کے لیے نگراں شخص (فوکل پرسن) مقرر کیا گیا ہے۔ وہ کنسلٹنگ فرم کے ساتھ ریجنل محکموں کے درمیان ڈیٹا جمع کرنے، معلومات کے تبادلے اور ہم آہنگی کو یقینی بنائیں گے۔ سیکرٹری ڈاکٹر عبدالصمد نے ماسٹر پلان کے لیے اہم ترجیحات پر زور دیا جن میں مقامی کمیونٹیز کی فعال شمولیت، علاقائی ثقافت کی حفاظت اور فروغ، مقامی روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانا، بزنس ماڈلز کی تشکیل اور وادیوں سے متعلق سابقہ مطالعات کے نتائج کا ضمیمہ شامل ہیں۔ فرم کو ہدایت کی گئی کہ وہ اگلے منصوبہ بندی اجلاس میں کے ڈی اے بورڈ کے اراکین کو بھی شامل کریں، ماسٹر پلاننگ کے کام پر فوری آغاز کریں اور تجویز کردہ منصوبوں کی بروقت عملی تعمیل کے لیے تکمیل میں تیزی لائیں۔ یہ ماسٹر پلان خیبر پختونخوا کے معیاری سیاحتی مقامات کو پائیدار انتظام کے مراکز میں تبدیل کرنے کی جانب ایک اسٹریٹجک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جو صوبائی حکومت کے سیاحتی ترقی ایجنڈے کے عین مطابق ہے۔
پشاور سے مزید