کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے اسپیشل جوڈیشل الاؤنس کی عدم فراہمی سے متعلق عدالتی عملے کی سندھ حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ توہین عدالت کا نوٹس جاری کرنا ہے یا نہیں اس پر تحریری حکم نامہ جاری کریں گے، فنانس سیکریٹری اور چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بطور وکیل پیش ہو کر کہا کہ جن افسران کے اوپر توہین عدالت کی کارروائی کے لئے درخواست دائر کی گئی انہوں نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کردیا تھا۔ افسران نے جوڈیشل الاؤنس سے متعلق سمری سندھ کابینہ کو ارسال کردی تھی۔ سندھ کابینہ نے بھی عدالتی عملے کو جوڈیشل الاؤنس دینے کی منظوری دے دی تھی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ سندھ اسمبلی میں وزراء نے عدالتی احکامات کے خلاف جو تقریریں کی ہیں وہ آپ سن کر حیران رہے جائیں گے، جوڈیشل الاؤنس سے متعلق سندھ اسمبلی کے فیصلے کو تسلیم کرلیا گیا تو یہ لوگ ہر عدالتی فیصلہ کالعدم قرار دے دیں گے۔