پشاور(جنگ نیوز)وادی کالام کے ایزور لاگون ریزارٹ میں اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ، محکمہ سیاحت اور پاک فوج کے تعاون سے جشنِ آزادی کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مقامی افراد اور سیاحوں نے بھرپور شرکت کی۔ آتشبازی سے آسمان سبز و سفید روشنیوں سے جگمگا اُٹھا اور شرکاء نے "پاکستان زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے لگائے۔تقریب میں سیکرٹری ٹورازم خیبر پختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد اور کمشنر مالاکنڈ ڈویژن عابد وزیر نے خصوصی شرکت کی۔ مہمانانِ خصوصی نے سیاحوں کے ساتھ کیک کاٹا اور جشن کی خوشیوں میں شریک ہوئے۔اس موقع پر ڈاکٹر عبدالصمد نے کہا کہ یومِ آزادی ہماری سب سے بڑی نعمت ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ سیاحت کو پاکستان کا فخر بنائیں گے، خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات دنیا میں اپنی پہچان بنائیں گے اور سوات سمیت تمام سیاحتی علاقوں کی تعمیر و ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت سیاحتی علاقوں میں سرمایہ کاروں کو مکمل سپورٹ فراہم کرنے کو ترجیح دیتی ہے اور ان تقریبات کا مقصد علاقے کی خوبصورتی کو اجاگر کرنا اور سیاحوں کو راغب کرنا ہے۔کمشنر مالاکنڈ ڈویژن عابد وزیر نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔