اسلام آباد (اسرار خان)پاکستان اور جاپان میں صنعتی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی تلاش، دونوں ممالک کے درمیان آٹوموٹیو، آئی ٹی، برآمدات اور اسپیشل اکنامک زونز پر بات چیت۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جاپان نے صنعتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور آٹوموٹیو، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور برآمدات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ بات وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے ٹوکیو میں جاپان کے بین الاقوامی امور، اقتصادیات، تجارت اور صنعت کے نائب وزیر ایچ ای ماتسو تاکیہیکو سے ملاقات کے بعد کہی۔ یہاں وزارتِ صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری کردہ ایک خبر کے مطابق، ملاقات کے دوران، جس میں جاپان میں پاکستان کے سفیر بھی شریک تھے، دونوں ممالک نے خصوصی اقتصادی زونز اور پاکستان کی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے والی پالیسی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔