• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی قیادت کا بڑا گروپ سچے دل سے معافی مانگنے کی شرط کو تسلیم کرنے کیلئے غور کرنے پر تیار

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار) تحریک انصاف کی قیادت کا بڑا گروپ بری افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سیاسی مصالحت کے لئے سچے دل سے معافی مانگنے کی شرط کو تسلیم کرنے کے لئے سنجیدگی سے غور کرنے پر تیار ہوگیا ہے۔ ہفتے کوان رہنمائوں نے غیر رسمی طور پر اس تجویز کے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا ہے اور باہم رابطوں کے ذریعے طے کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سیلابی آفت سے پیدا شدہ صورتحال بہتر ہونے کے بعد پارٹی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں اس تجویز کو ابتری سے نکلنے کے لئے بہترین موقع کے طور پر زیر غور لایا جائے گا۔ قابل اعتماد سیاسی ذرائع نے ہفتے کو جنگ /دی نیوز کو بتایا ہے کہ قبل ازیں آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھی اسی پیرائے میں دو سال قبل بات کی تھی اور خلوص دل سے معافی مانگ لینے کو آسانی کار استہ قرار دیا تھا اب فیلڈ مارشل نے زیادہ وضاحت اور قطعیت کے ساتھ معاملے کو کھول کر بیان کردیا ہے۔ ذرائع نے یاد دلایا ہے کہ اب کسی دوسری شرط یا چالبازی سے لوگوں کو گمراہ کرنے کا پھاٹک بھی بند ہوگیا ہے تحریک انصاف کا مصالحت پسند گروپ جسے اب غلبہ حاصل ہوچکا ہے اپنے بانی سے اب دو ٹوک طور پر بات کرے گا۔
اہم خبریں سے مزید