• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے صحافی خاور حسین کی گولی لگی لاش سانگھڑ سے ملی

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) کراچی پریس کلب کے رکن اور صحافی خاور حسین کی گولی لگی لاش سانگھڑ سے ملی ہے۔ خاور حسین کی لاش حیدرآباد روڈ پر نجی ہوٹل کے باہر ان کی گاڑی سے ملی۔ پولیس کے مطابق خاور اپنی گاڑی میں موجود تھے، کنپٹی پر گولی لگی ہوئی ہے جبکہ پستول ان کے گود میں ہاتھ میں پڑی ہے۔ایس ایس پی سانگھڑ عابد بلوچ کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں، فی الوقت کوئی حتمی بات نہیں کی جا سکتی ۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی سے پستول اور موبائل فون ملا ہے جنھیں تحویل میں لے لیا گیا ہے۔پوسٹ مارٹم کے بعد ہی وجہ موت کا تعین ہو سکے گا۔ خاور حسین کراچی پریس کلب اور کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے رکن تھے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے خاور حسین کی موت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے معاملے کی رپورٹ طلب کرلی۔کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے خاور حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ سے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے خاور حسین کی پراسرار موت پر شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ اور وزیر داخلہ سندھ سے خاور حسین کی موت کی تحقیقات کیلئے اعلی سطح کمیٹی بنانے اور واقعے کی شفاف تفتیش کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن ، صوبائی وزیر ناصر شاہ ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب خاور حسین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید