• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کارپوریٹ فارمنگ کیلئے زمین مختص، وکلا کا وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب مظاہرہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل سندھ لائرز ایکشن کمیٹی کی جانب سے کارپوریٹ فارمنگ کے لیے زمین مختص کرنے،26ویں ترمیم اور دیگر معاملات کے خلاف وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ وکلا کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ سے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب تک ریلی نکالی گئی ۔ میئرکراچی سمیت حکومتی نمائندوں نے وکلاء سے مذاکرات کئے اور مطالبات پر عملدرآمد کے لیے ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا۔ مطالبات منظوری کی یقین دہانی پر آل پاکستان لائرز ایکشن کمیٹی نے اپنا احتجاج موخر کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق آل سندھ لائرز ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاج کے اعلان پر وکلا کی بڑی تعداد نے سندھ ہائی کورٹ سے احتجاجی ریلی شروع کی جس میں حیدر آباد کے وکلاء بھی شریک تھے ۔ وکلا کی جانب سے کارپوریٹ فارمنگ سمیت دیگر کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ کراچی بار کے صدر عامر نوازوڑائچ کی سربراہی میں وکلاءبڑی تعداد میں ریلی کی صورت میں سندھ ہائی کورٹ سے کراچی پریس کلب پہنچے پھر وہاں سے گورنر ہاؤس اور پھر وزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف روانہ ہوئے ۔ وکلا کی جانب سے گورنر ہاؤس کے باہر گورنر سندھ کے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی ۔ کلب روڈ پر پولیس کی جانب سے رکاوٹیں لگائی گئی تھیں جبکہ وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے والے دونوں راستوں کو کنٹینرز لگاکرسیل بھی کردیا گیا تھا ، اس کے علاوہ خواتین پولیس سمیت اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی تعینات تھی ۔ وکلا پولیس کی رکاوٹ توڑ کر پیش قدمی کرتے ہوئے اہلکاروں کو دھکیل کر آگے نکلے۔ وکلا وزیر اعلیٰ ہاؤس کے قریب لگائے گئے کنٹینرز کے پاس جمع ہوئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ وکلا رہنماؤں سے مذاکرات کے لئے حکومت کی طرف سے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ، ڈپٹی کمشنر جنوبی ، ایڈوکیٹ جنرل سندھ اور دیگر سرکاری وکلاء پہنچے ، اس دوران حکومتی نمائندوں اور وکلا کے درمیان مذاکرات ہوئے ۔
اہم خبریں سے مزید