• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایسی تباہی 2005 کے زلزلے میں دیکھی گئی تھی، امیر مقام

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’جرگہ‘‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا ہے کہ میں نے بونیر اور سوات کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے اور ایسی تباہی 2005 کے زلزلے میں دیکھی گئی تھی، لاشیں برآمد ہو رہی ہیں کئی لوگ لاپتہ ہیں اور انفراسٹرکچر کی تباہی بڑے پیمانے پر ہوئی ہے،ایک قوم بن کر مشکلات حل کرنا ہوں گی اور وزیراعظم کو بھی خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنا چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بونیر میں خوفناک تباہی آئی ہے علاقے ایک دوسرے سے کٹ گئے ہیں بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہے انہوں نے وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے سے اپیل کی کہ یہ سیاست کا وقت نہیں مشکل کی گھڑی میں عوام کی مدد کریں،ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے گلگت بلتستان میں غذر کو سب سے زیادہ متاثرہ ضلع قرار دیا دیامر دوسرے نمبر پر متاثر ہوا اور وزیراعلیٰ کی ہدایات پر ریسکیو جاری ہے۔ انہوں نے وفاق سے مزید تعاون اور نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا۔ میزبان سلیم صافی نے کہا کہ ان بارشوں سے تین سو سے زائد جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور دریائے سندھ میں پانی کے اضافے سے پنجاب و سندھ کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے اس لیے حکومت کو پیشگی تیاری کرنی چاہیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم بوجھل دل کے سات بونیر میں موجود ہیں بونیر میں ایک مصیبت آئی ہے پورے کے پورے علاقے ایک دوسرے سے کٹ چکے ہیں مواصلات ، بجلی تمام نظام درہم برہم ہوچکا ہے ہم کوشش کر رہے ہیں کہ رابطہ بحال کیا جائے اب تک مصدقہ اطلاعات کے مطابق 148 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور تعداد بڑھے گی جو تین سو پچاس تک جاسکتی ہے اور لاپتہ افراد کی تعداد زیادہ ہے ۔ ایسی تباہی ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی میں وفاقی حکومت این ڈی ایم اے سے سب سے اپیل کروں گا کہ مشکل کی گھڑی میں اپنے لوگوں کا ساتھ دیں یہ سیاست کا وقت نہیں ہے۔میں امید کرتا ہوں سب ہماری مدد کو پہنچیں گے۔وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ میں کل سوات میں تھا اور متاثرہ علاقوں میں گیا اور آج بونیر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے اس پورے خطے میں جتنی تباہی ہوئی ہے اس طرح کی تباہی 2005 کے زلزلے میں دیکھنے میں آئی تھی۔ میرے سامنے دو لاشوں کو نکالا گیا اور اب بھی کئی لوگ لاپتہ ہیں اور انفراسٹرکچر بھی تباہ ہوا ہے اور بجلی اور مواصلات کا نظام بہت متاثر ہوا ہے۔ کمشنر ڈی سی وغیرہ کو اپنے ساتھ لے کر گیا تھا وزیراعظم کی خاص ہدایات تھیں کہ میں موقع پر جاؤں اور رپورٹ کروں اور جتنا ہوسکے وہاں مدد فراہم کروں اور ہمدردی بھی کروں ۔
اہم خبریں سے مزید