• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 ہزار جانیں بچائیں، 2 سو افراد تاحال لاپتہ، ترجمان وزیراعلیٰ کے پی

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’ نیا پاکستان ‘‘میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا فراز احمد مغل نے کہا ہےکہ فوری اقدامات سے اب تک پانچ ہزار جانیں بچائی جا چکی ہیں جبکہ دو سو افراد تاحال لاپتہ ہیں، میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سات سال گزرنے کے باوجودتاحال ایڈوانس وارننگ سسٹم فعال نہیں ہوسکا، معروف بزنس مین ایس ایم تنویر نے کہا کہ ہمارا ہدف سو بلین ڈالر کی ایکسپورٹ، غربت کا خاتمہ کاروباری لاگت میں کمی اور مہنگائی پر قابو پانا ہے مگر موجودہ حالات میں یہ ممکن نظر نہیں آتا۔ ان کے مطابق ایشین ٹائیگر بننے کے لیے روایتی سوچ سے نکل کر آؤٹ آف دی باکس حکمت عملی اپنانا ہوگی،پاکستان جب بنا تھا تو تینتیس ملین آبادی تھی اور چار صوبے تھے اور آج ڈھائی سو ملین کی آبادی ہے اور چار صوبے ہیں اسمبلی میں جو لوگ بیٹھے ہوئے ہیں ان کا کام ہے اس کے بارے میں سوچیں اور حل نکالیں ۔فراز احمد مغل نے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومت سے کوئی امداد نہیں ملی، پاک فوج کے یونٹس ریسکیو میں تعاون کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلین ٹری پراجیکٹ اور ارلی وارننگ سسٹم کی بدولت بڑے پیمانے پر تباہی سے بچا گیا۔میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایڈوانس وارننگ سسٹم بھی اب تک فعال نہیں ہے۔ورلڈ بینک نے 2018 میں 188 ملین ڈالر کا فنڈ پاکستان کے لیے منظور کیا تھا جس میں ایڈوانس وارننگ سسٹم اور ریڈار کی تنصیب کے لیے ساٹھ ملین ڈالر کی رقم شامل کی گئی تھی لیکن سات سال گزرنے کے باوجود اب تک یہ سسٹم مکمل طور پر فعال نہیں ہوسکا ہے۔
اہم خبریں سے مزید