کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ یہ ایک قومی مسئلہ ہے اس میں وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، وفاقی حکومت مکمل طور پر فعال ہے،چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا کہ پنجاب، آزاد کشمیر اور بالائی علاقوں میں بار بار کلاؤڈ برسٹ دیکھنے پڑسکتے ہیں،وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم خود پورے حالات کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم وقتاً فوقتاً این ڈی ایم اے کا دورہ کرتے رہے ہیں اور ان اجلاسوں میں باقاعدہ طور پر خیبرپختونخوا اور جی بی کے نمائندے موجود ہوتے تھے اور انہیں ارلی وارننگ سسٹم کے تحت موسم کی صورتحال کی آگاہی دی جاتی رہی ہے اور آج پورا دن وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر کشمیر امور بونیر اور باجوڑ میں رہے انہیں امدادی سرگرمیوں کا خود جائزہ لیا اور امدادی سامان کی ترسیل کی نگرانی بھی کرتے رہے اس کے ساتھ ساتھ این ڈی ایم اے وزیراعظم کو پورے دن اپ ڈیٹ دیتا رہا، امدادی سامان این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو ہینڈ اوور کیا جاچکا ہے جس میں جنریٹر، شیلٹر ٹینٹ وغیرہ اور آج ہزاروں کی تعداد میں میڈیسن بونیر بھجوائی جاچکی ہیں اس کے علاوہ پاک فوج نے تقریباً 585 ٹن راشن ان علاقوں میں بھجوایا ہے۔