کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر میں ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل رک نہ سکا،بنارس باچا خان چوک کے قریب تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ اقبال مارکیٹ تھانہ کی حدو د اورنگی ٹائون سیکٹر ساڑھے 11میں رات گئے ناتجربہ کار ڈرائیور کی غفلت کے باعث4سالہ ارسلان کو کچل دیا جس سے اسکی موت واقع ہوئی ،واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر متوفی بچہ کی لاش کو اسپتال منتقل کیا،متوفی بچہ کی ماں شدت غم سے نڈھال ہوکر بے ہوش ہوگئی ،متوفی بچہ کے والد نشہ کا عادی ہے جس کے باعث اہل خانہ نے اسے گھر سے نکال دیا تھا ،متوفی بچہ کی پروش اسکی والدہ گھروں میں کام کرکے کررہی تھی ،حادثہ کے وقت متوفی ارسلان گھر کے باہر اپنے والدہ کے انتظار میں بیٹھا ہوا تھا،پولیس کاکہنا ہےکہ حادثہ کے بعد واٹر ٹینکر کا ڈرائیور ٹینکر سمیت موقع سے فرار ہونے کے بعد کچھ فاصلہ پر ٹینکر چھوڑ کرفرار ہوگیا تھا،بعد ازاں پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ٹینکر کو قبضے میں لے لیا ہے اور ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے، پیر آباد تھانہ کی حدود بنارس باچا خان چوک کے قریب تیز رفتار ٹرالر نمبر ی P-3732کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار خاتون 35سالہ شہناز زوجہ نزیر جاں بحق ہوگئی حادثہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر متوفیہ خاتون کی لاش کو اسپتال منتقل کیا اور حادثہ کے ذمہ دار ٹرالر ڈرائیور علی حمزہ کو گرفتار کرکے ٹرالر قبضہ پولیس میں لے لیا گیا ،پولیس کے مطابق متوفیہ خاتون دیور کے ساتھ موٹر سائیکل پر اسپتال جارہی تھیں،ٹرالر نے موٹر سائیکل کو سائیڈ ماری جس سے موٹر سائیکل کا توازن بگڑا اور خاتون موٹر سائیکل سے نیچے گر گئیں اور پیچھے سے آنے والے ٹرالر نے خاتون کو کچل دیا،متوفیہ کنواری کالونی کی رہائشی تھی اور اسکے 5 بچے ہیں جبکہ متوفیہ کا خاوند ملازمت کے سلسلہ میں سعودی عرب میں مقیم ہے۔پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفیہ کی لاش کو ور ثاء کے حوالے کردی۔