لاہور(خبرنگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر سے اراکین اور رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں حالیہ تباہی پر گہرے افسوس کا اظہار کیا گیا اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ریلیف کی سرگرمیوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔ امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹرحافظ عبدالکریم نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد ذاتی مفاد نہیں بلکہ عوامی خدمت ہے۔خیبرپختونخوا میں سیلابی صورتحال پر سیاست کے بجائے مسائل سے دوچار ، مجبور اور لاچار عوام کو بلاتفریق امدادی سامان فراہم کرنے کےلیے تمام جماعتیں اپنا اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دینی و سیاسی قیادت کو ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے متحد ہونا ہوگا جبکہ ملک کی ترقی صرف جمہوری استحکام اور آئینی بالادستی میں مضمر ہے۔ اجلاس میں مولانا عبدالرشیدحجازی ،مولانا علی محمد ابوتراب ،علامہ معتصم الہی ظہیر ،فیصل افضل شیخ ،حافظ عبدالغفار ،حافظ یونس آزاد ،قاری صہیب احمد میر محمدی ،قاری حنیف ربانی ودیگر اراکین نے شرکت کی۔