کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندے اختیارات و وسائل کی کمی کے باوجود عوامی خدمت کے کاموں میں مصروف ہیں، اپنے علاقوں کی سڑکیں و گلیاں گل و گلزار، کھیل کے میدانوں اور پارکوں کو آباد کررہے ہیں، ہم نے ٹاؤن کے بجٹ میں سے رقم بچا کر 78کروڑ روپے2005سے 2025 تک کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا کیے جو ہمارے ذمہ بھی نہیں تھے لیکن جماعت اسلامی نے مزدور دوستی کا ثبوت دیا اور ان کے واجبات ادا کیے، جماعت اسلامی اُمید سے یقین تک کے سفر اور عوامی خدمت و دیانت کا دوسرا نام ہے، کم وسائل میں بھی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ٹاؤن یوسی 8میں ٹاؤن چیئرمین رضوان عبد السمیع اور یوسی چیئر مین جنید مکاتی کے ہمراہ 80ہزار اسکوائر فٹ پیور بلاک پر مشتمل نئی تعمیر شدہ سڑ ک کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ٹاؤن اور یوسی کی جانب سے مقبول مسجد جیت پور ٹیرس والی گلی، سیدنا یوسف روڈ بلاکA، ٹیپو سلطان روڈ اور سی پی برار سوسائٹی میں پیور بلاک نصب کیے گئے ہیں، منعم ظفر خان نے مقبول آباد میں اسلم مجاہد شہید فیملی پارک میں شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا،یحییٰ چامڑیا نے منعم ظفر خان کو گلدستہ پیش کیا اور ٹاؤن، یوسی چیئر مین اور جماعت اسلامی کا سڑکوں کی تعمیر پر شکریہ ادا کیا، اس موقع پرسیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی کراچی زاہد عسکری، خاتون کونسلر و سماجی رہنما اور پارک کمیٹی کی چیئر پرسن طاہرہ باجی، کونسلر اویس،احمد، دانش سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے منعم ظفر خان اور جماعت اسلامی کی پوری بلدیاتی ٹیم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ منعم ظفر خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سندھ حکومت اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے پر تیار نہیں ہے،اس نے جو بھی بلدیاتی نظام بنایا ہے ہم اس کے ذریعے سے ہی اپنے ٹاؤن اور یوسی میں گلی، محلوں اور علاقوں کی حالت بہتر اور خوب سے خوب تر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔