• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملیر شاہ ٹاؤن میں مسلح ملزمان کی فائرنگ، پولیس آفیسر قتل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملیر شاہ ٹاؤن میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے پولیس آفیسر کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے،مقتول پولیس اہلکار نے چند روز قبل مقابلہ کے بعد خطر ناک ملزمان کو گرفتار کرکے انکے خلاف اپنی مدعیت میں مقدمات درج کرائے تھے، تفصیلات کے مطابق بن قاسم تھانہ کی حدود ملیر شاہ ٹاون ،اسٹیل ٹاون موڑ کے قریب موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نےگھر کے قریب کار سے نکلنے والے اے ایس آئی محمدخان ابڑو پراندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گیا ، پولیس نے موقع معائنے کے بعد لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا ،ایس ایچ او تھانہ بن قاسم محمد خان ابڑو نے بتای اہےکہ مقتول محمد خان ابڑواسٹیل ٹاؤن تھانے میں بطور اے ایس آئی تعینات تھا اور اُسے گھر کے باہر اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے رشتہ دار کے ساتھ کہیں سے واپس اپنے گھر آیا تھا ، ماضی میں بھی شہید پولیس اہلکار پرفائرنگ کی گئی تھی جبکہ شہید اہلکار نے خطرناک ڈاکوؤں کو پکڑا اور اُس کی مدعیت میں تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں مقدمہ درج تھا۔جائے وقوعہ سے پانچ خول ملے جبکہ اے ایس آئی کو تین گولیاں لگیں جس میں سے دو سینے اور ایک سر میں ماری گئی ہے۔ ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ مقتول اے ایس آئی محمد خان ابڑو کو تین سے زائد گولیاں ماری گئیں۔ جائے وقوعہ کے اطراف کہیں بھی سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔شہید اے ایس آئی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی تھیں،ڈی ایس پی سی ڈی عامر حمید نے بتایا کہ شہید کے بھائیوں سمیت اہلخانہ پولیس فورس میں ہیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید