کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچرز ایسوسی ایشن اور ایکشن کمیٹی فار پنشن سیکیورٹی کی اپیل پر سندھ بھر کی سرکاری ملازم تنظیموں کی جانب سے حکومت سندھ کے پنشن اصلاحات کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ اساتذہ نے بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر تدریسی عمل جاری رکھا جبکہ غیر تدریسی عملے نے بھی اپنے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر حکومت کے اس فیصلے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مطالبہ کیا کہ اسے فوری طور پر واپس لیا جائے بصورت دیگر سرکاری ملازمین بھرپور احتجاج کریں گے۔ فپواسا، سپسا، سکنٹوا، سنیوا، تنظیم اساتذہ، ایپکا (جام ساقی) گواز سمیت مختلف سرکاری ملازمین کی تنظیموں کے عہدہ داران جن میں پروفیسر منور عباس، پروفیسر مشتاق پھلپوٹو، غلام مصطفی کاکا، ڈاکٹر ملہار سندھی، عبدالحلیم درس، پروفیسر آصف منیر، نہال اختر، پروفیسر سید ریحان علی، پروفیسر ڈاکٹر محسن، نظر حسین جلالانی، رئیس خان، شاہ رضا،اعجاز بھٹو، ڈاکٹر رفیق الاسلام، جاوید شیخ، پروفیسر غفران اللہ بلوچ و دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے پنشن اصلاحات کو سرکاری ملازمین کے ساتھ ظلم اور زیادتی کے مترادف قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسے فوری طور پر واپس لیا جائے صورت دیگر سرکاری ملازمین بھرپور احتجاج کریں گے۔