پشاور(جنگ نیوز)ضلع مانسہرہ کی تحصیل بفہ کےپہاڑی علاقے اچھرہ کے مکینوں کے لیے پانی کی فراہمی کے مسائل سے چھٹکارا دلانے کے لئے بین الاقوامی ادارہ برائے آبی انتظام (آئی ڈبلیو ایم آئی) نے اپنے منصوبے ’’واٹر ریسورس اکاؤنٹیبلیٹی اِن پاکستان‘‘ کے تحت علاقے میں ہائیڈرولک ریم پمپ نصب کر لیاہے۔ اس علاقے میں جہاں مرد و خواتین کو روزانہ تین سو فٹ بلند ڈھلوان سے کئی بار اتر کر دریائے سیرن سے پانی لانا پڑتا تھا تاہم اب انہیں گھر کی دہلیز پر 300 فٹ اونچائی پر صاف پانی میسر ہے۔ہائیڈرالک پمپ ٹیکنالوجی نہ تو ایندھن استعمال کرتی ہے اور نہ ہی شمسی توانائی، بلکہ بہتے پانی کی توانائی سے خود بخود پانی کو تین سو فٹ کی بلندی تک پہنچا دیتی ہے۔آئی ڈبلیو ایم آئی کےسینئر ریسرچر انجینئر کفایت زمان کے مطابق، پائلٹ پراجیکٹ کے تحت مانسہرہ میں چار پمپ نصب کیے گئے ہیں، جن کے مثبت نتائج کے بعد اسے دیگر علاقوں میں بھی توسیع دی جائے گی۔مقامی افراد کے مطابق پانی کی دستیابی سے نہ صرف گھریلو ضروریات پوری ہو رہی ہیں بلکہ خواتین کو روزانہ کی کمرتوڑ مشقت سے نجات ملی ہے۔ مکین محمد یونس نے بتایا کہ پہلے خواتین کپڑے دریائے سیرن کے کنارے دھوتی تھیں، اب یہ کام گھروں پر ہی ممکن ہو گیا ہے۔ محمد شفقت کے مطابق پانی ملنے سے وہ اپنی زمین پر سبزیاں اور پھل بھی اگا سکیں گے جو پہلے صرف بارش پر منحصر تھی۔آئی ڈبلیو ایم آئی کے نمائندے نقاش عباسی نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی کم لاگت، پائیدار اور آسان آپریشن کی حامل ہے اور اس میں بارانی علاقوں کی زرعی پیداوار بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔اچھرہ گاؤں کے رہائشیو کا کہنا ہے کہ ان کے پاس تعلیم، کھیتی باڑی اور معاش کے لیے زیادہ وقت ہے۔ خواتین نے خاص طور پر راحت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نسلوں پر محیط روزانہ کی جدوجہد کا خاتمہ ہو گیا ہے۔