پشاور (خصوصی نامہ نگار) ایم ٹی آئی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کی انتظامیہ نے بونیر میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ عوام کی فوری امداد کے لئے خصوصی ریلیف ٹیم روانہ کر دی ہے۔میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہ سوار،ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر شیر زمان،ڈین خیبر گرلز میڈیکل کالج ڈاکٹر شہزاد اکبر،کلینکل کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر محمد شاہ اور انصاف ڈاکٹر فورم سے ڈاکٹر نظیف وزیر کی زیر نگرانی ٹیم میں ماہر ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس اور دیگر طبی عملہ شامل ہیں جو ضروری ادویات، اشیائے خورونوش، دو ایمبولینسز، گاڑی کے ہمراہ بونیر چلی گئی۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دو ایمبولینسز اور مرسڈیز پینتھر متاثرہ علاقوں میں 24/7 ایمرجنسی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔ علاوہ ازیں فوری طبی سہولیات، مریضوں کی بروقت نقل و حمل، اور ادویات و خوراک کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔یہ ٹیم متاثرہ عوام کیلئے فلاحی کیمپ قائم کرے گی، جہاں ادویات، خوراک، صاف پینے کا پانی اور بنیادی طبی سہولیات فراہم کرے گی۔