• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاون خصوصی مواصلات کا بونیر کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ

پشاور(جنگ نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی نے ضلع بونیر کے سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بیشونئی میں سیلاب کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ملاقات کی، ان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ صوبائی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ ہے۔معاونِ خصوصی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور فوری امداد حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو اداروں، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور رضاکاروں کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور خود ان اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ بعد ازاں محمد سہیل آفریدی نے پیر بابا بازار کا بھی دورہ کیا، جہاں متاثرہ دکانداروں کے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین کو ہر ممکن تعاون اور حکومتی امداد کی یقین دہانی کرائی۔ معاونِ خصوصی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کی فوری بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور کسی کو بھی اس آزمائش کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
پشاور سے مزید