لاہور(نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے جماعتِ اسلامی اسلام آباد حلقہ کے امیر انجینئر نصراللہ رندھاوا کے ساتھ اسلام آباد میں مساجد کے معاملات میں حکومت اور سی ڈی اے کے اقدامات پر مشاورت کی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمران ملک کے ہر ایشو کو زور زبردستی اور اندھی طاقت کے استعمال سے خود خراب کرتے ہیں۔ دینی، مذہبی، شعائرِ اسلام کے خلاف حکومتی اقدامات، قانون سازی اور مِس ہینڈلنگ انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے۔ سیاسی اور دینی و عوامی مسائل پر مذاکرات، دلیل اور حقائق کی بنیاد پر اقدامات سے ہی سیاسی استحکام آئے گا، وگرنہ معاشرے میں تقسیم، بغاوت اور انفرادی سطح پر قانون شکنی کا رُجحان بڑھتا چلا جائے گا۔ جماعتِ اسلامی شعائرِ اسلام اور اللہ کے گھر (مساجد) کی حفاظت کے لیے دینی، قومی اور مثبت تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی۔