کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی کر کٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے بابر اعظم اور محمد رضوان کے ٹیم سے اخراج کو اندرونی سیاست کا شاخسانہ قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ کھینچا تانی اور سیاست نے دو بہترین کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر نقصان پہنچایا۔ ایک غیر ملکی اخبار کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انہیں کرکٹنگ وجوہ نہیں بلکہ سیاست کی بناء پر ایشیا کپ سے باہر کیا گیا، بابر اعظم کے اسٹرائیک ریٹ پر سوال اٹھانا بھی ناانصافی ہے، کرکٹ میں محض اسٹرائیک ریٹ سب کچھ نہیں ہوتا، کھیل کی سمجھ سب سے اہم ہے، پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے ، ایسے میں بابر اور رضوان کو نظرانداز کرنا سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ ہمارے پاس کوئی ڈان بریڈمین موجود نہیں ہے ۔ امید ہیں کہ بابر اپنے مسائل پر قابو پاتے ہوئے دوبارہ وہی بیٹر بنیں گے جو دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل تھا۔ دوسری جانب بابر اعظم کے والد نے محمد اعظم نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میںٹیم کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہا رکیا ہے۔