کراچی(اسٹا ف رپورٹر/ جنگ نیوز) آئی سی سی نے خواتین کرکٹ ورلڈکپ 2025 کا ترمیم شدہ شیڈول جاری کردیا۔ دوسری جانب کرکٹ جنوبی افریقا نے ون ڈے ورلڈکپ 2027 کی مقامی آرگنائزنگ کمیٹی اور میچز کے وینیوز کا اعلان کردیا ہے۔ بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں اگلے برس خواتین ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی تو میچ کولمبو میں ہوگا۔ پاک، بھارت سیمی فائنل کی صورت میں بھی میچ کولمبو میں رکھا جائے گا، پاکستان خواتین ٹیم کے فائنل میں پہنچنے پر بھی ایونٹ کا بڑا مقابلہ کولمبو میں ہوگا۔ پاکستان ویمنز ٹیم ایونٹ میں اپنا افتتاحی میچ دو اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کولمبو میں کھیلے گی، نئے شیڈول کے مطابق چیناسوامی اسٹیڈیم بنگلور میں ہونے والے میچز اب نوی ممبئی میں ہوں گے۔ ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم ممبئی میں تین لیگ میچز، ایک سیمی فائنل اورممکنہ فائنل شیدول کیے گئے ہیں۔ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ کے دیگر وینیوز میں گوہاٹی، اندور، وشاکھا پٹنم اور کولمبو شامل ہیں۔ ایونٹ پہلاسیمی فائنل 29 اکتوبر کو گوہاٹی یاکولمبو میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا سیمی فائنل 30 اکتوبر کو نوی ممبئی میں ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل 2 نومبرکو کولمبو یا ممبئی میں ہوگا۔ دوسری جانب کرکٹ جنوبی افریقا نے2027 ورلڈ کپ کے وینیوز کا اعلان کر دیا ہے۔جنوبی افریقا کے آٹھ مقامات کو میگا ایونٹ کی میزبانی کیلئے چنا گیا ہے۔ نمیبیا پہلی مرتبہ ورلڈکپ کی میزبانی کرے گا جبکہ زمبابوے 2003 میں شریک میزبان رہ چکا ہے، جنوبی افریقا کو 2003کے بعد ایک مرتبہ پھر ورلڈکپ کی میزبانی کا موقع ملا ہے۔ جنوبی افریقا کے 8وینیوز ون ڈے ورلڈ کپ کے میچز کی میزبان ہوں گے۔ جس کیلئےجوہانسبرگ، پریٹوریا ، کیپ ٹاؤن، ڈربن، بلوئم فونٹین، ایسٹ لندن ،پارل اور کیں برہا کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ون ڈے ورلڈ کپ 2027 اکتوبر اور نومبر میں کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقہ کے سابق وزیر خزانہ ٹریور مینوئل کو 2027 کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔ قبل ازیں کرکٹ جنوبی افریقہ نے ٹریور مینوئل کی سربراہی میں 15 رکنی بورڈ کو جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے میگا ایونٹ کے انتظامات کی ذمہ داری سونپ دی ہے ۔ کمیٹی میں کرکٹ حکام، آزاد ڈائریکٹرز، اور سرکاری نمائندے شامل ہیں۔ مینوئل نے طویل عرصے تک کلیدی عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ ٹورنامنٹ کے دوران جنوبی افریقہ میں 44 جبکہ زمبابوے اور نمیبیا میں 10 میچز کھیلے جائیں گے۔