کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی مزید اچھی ہو گی۔چیئرمین کی حیثیت سےمیرا ٹیم میں کسی کھلاڑی کو شامل کرنے یا اسے ڈراپ کرنے کا ایک فیصد بھی حصہ نہیں,ہمارے سلیکٹرزپروفیشنل ہیں اور انہیں میرٹ پر فیصلہ کرنےکوکہا ہے۔ پاکستانی ٹیم بہترین دستیاب کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ہم نے خواتین کرکٹ سے سیاست نکالی، اب وہ بھی اچھا کھیلے گی ،ہفتے کی شام لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنٹرل کنٹریکٹس کے فیصلے کارکردگی پر بنیاد پر ہوئے،کھلاڑیوں کو محنت کرنا ہے ہم ان کے پیچھے کھڑے ہیں، خدارا ٹیم پربلاوجہ تنقید نہ کریں۔ابھی ایک میچ ہوتا ہے تو تنقید شروع کر دی جاتی ہے۔ایک میچ ہوتا نہیں اور رگڑا لگادیتے ہیں، ٹیم کو محنت کرنی ہے،بھارت کے ساتھ جب بھی بات ہوگی برابری کی بنیاد پر ہوگی، بھارت سے بات چیت کے لیے بھیک مانگنے کا وقت گزر گیا،انہوں نے کہا کہ قومی خواتین ٹیم سیاست سے نکلی ہے امید ہے بہتری آئے گی۔ ٹیم میں کس کو شامل کرنا ہے کس کو نہیں یہ کام سلیکشن کمیٹی کا ہے، ہماری ٹیم ایشیا کپ میں اچھا پرفارم کرے گی، سلیکٹرز اور ایڈوائزری کمیٹی طویل مشاورت کے بعد کھلاڑیوں کی شمولیت یا انہیں اسکواڈ سے باہر کرنے کا فیصلہ کرتی ہے، مجھے ان کے فیصلوں پر اعتماد ہے۔ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان کے مستقبل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ دورہ ویسٹ انڈیز کی رپورٹ ہیڈ کوچ نے جمع کر ا دی ہے، کپتان کے مستقبل کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی کرے گی۔ قومی سلیکشن کمیٹی کو کہا ہے کہ انصاف پر مبنی فیصلے کریں، میں اسے سپورٹ کروں گا، ہماری کوشش ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں تاکہ مقابلےکی فضا پیدا ہو ۔سینٹرل کنٹریکٹس میں کسی بھی کرکٹر کو ’اے کیٹیگری‘ نہ دینے پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کی پرفارمنس ایسی نہیں تھی کے اسے اے کیٹیگری میں رکھا جاتا۔مجھے امید ہے کہ قومی ٹیم ایشیا کپ کے دوران بہترین کارکردگی دکھائے گی۔محسن نقوی نے میڈیا سے کھلاڑیوں پر تنقید نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹرز پر بلا وجہ تنقید نہ کریں، اس سے وہ مایوس ہو جاتے ہیں، جب تک ٹورنامنٹ ختم نہ ہو کھلاڑیوں پر تنقید نہ کریں۔ دریں اثناء محسن نقوی غنی انسٹیٹیوٹ آف کرکٹ ڈیفنس لاہور میں تیسرے غنی رائل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ انسے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا ۔انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر غنی انسٹیٹیوٹ آف کرکٹ اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی دی اور ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے اقدام کو سراہااس موقع پرانوار غنی، غنی انسٹیٹیوٹ آف کرکٹ کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔