• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئینی بنچوں کے ججز کے انتخاب کا طریقہ کار طے نہ ہوسکا، معاملہ پھر جوڈیشل کمیشن کو بھیج دیا گیا

اسلام آباد(جنگ رپورٹر) آئینی بنچوں کے ججز کے انتخاب کا طریقہ کار طے نہ ہو سکا، معاملہ پھر جوڈیشل کمیشن کو بھیج دیا گیا۔

جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں اٹارنی جنرل، منصور عثمان اعوان، حکومتی رکن سینیٹر فاروق ایچ نائیک، پاکستان بار کونسل کے نمائندہ محمد احسن بھون اور اپوزیشن کے سینیٹر علی ظفر شریک ہوئے۔

اجلاس نے جوڈیشل کمیشن سیکریٹریٹ کے ملازمین کے سروس رولز کی منظوری دی جبکہ ہائی کورٹس کے ججز کی کارکردگی کے جائزہ کے قواعد بنانے سے متعلق ایجنڈاموخر کر دیا، جوڈیشل کمیشن ذیلی کمیٹی نے 26ویں آئینی ترمیم کے تحت تشکیل آئینی بینچز کے لیےʼججز کے انتخاب کا معیار تیار کرنے کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے حتمی فیصلہ کے لیے معاملہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو بھجوا دیا۔ 

ذرائع کے مطابق 5 رکنی کمیٹی نے 3 ایجنڈا آئٹمز پر غور کیا جن میں آئینی بینچز کے لیے ججز کے انتخاب کے معیار کی تیاری، تمام ہائی کورٹس کے ججز کی کارکردگی کے جائزہ سے متعلق قواعد کی تیاری اور جوڈیشل کمیشن کے سیکریٹریٹ کے سروس اسٹرکچر کے قواعد شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل، منصور عثمان، سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور احسن بھون نے آئینی بینچوں کے لیے ججز کے انتخاب کامعیار وضع کرنے کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے قرار دیا کہ یہ خالصتا جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اختیار ہے۔

بعد ازاں، معاملہ حتمی فیصلہ کے لیے معاملہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو بھجواد یا گیا۔

اہم خبریں سے مزید