راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کردیا،اس امر کااعلان اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا،راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں مل کر حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، دونوں جماعتیں ضمنی انتخابات مل کر لڑیں گی، ضمنی الیکشن میں طے شدہ فارمولے کے تحت حصہ لیں گے، جہاں امیدوار رنر اپ تھا اسی جماعت کا امیدوار الیکشن لڑے گا،راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہماری ملاقات دونوں جماعتوں کی قیادت کے حکم پر ہوئی اور ضمنی انتخابات کا اصول طے ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف کا مشکور ہوں،انہوں نے کہاکہ خوش اسلوبی کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل دی گئی ہے،وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ ہم اتحادی ہیں، دونوں جماعتوں کی لیڈر شپ دانشمندانہ فیصلے کرتی ہے، دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے امیدواروں کو سپورٹ کریں گی۔