اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) سینئر بیورو کریسی کیلئے اہم خبر ،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نےنیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کے ریکٹر کی تقرری کیلئے30 اگست تک درخواستیں طلب کرلیں،پولیس سروس، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور سیکرٹریٹ گروپ سے تعلق رکھنے والے گریڈ 22 کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران درخواست دینے کے اہل ہیں،این ایس پی پی کے بورڈ آف گورنرز میں شارٹ لسٹ امیدواروں کے نام پیش کئے جائیں گے۔ بورڈ تین امیدواروں کے پینل کی منظو ری دے گا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن یہ پینل وزیر اعظم کو بھجوائے گا۔ وزیر اعظم پینل میں سے ایک امیدوار کی حتمی منظوری دیں گے۔یاد رہے کہ یہ عہدہ ڈاکٹر اعجا زمنیر کی ریٹائرمنٹ سے خا لی ہوا ہے۔اس عہدے کا عارضی چارج پاکستان ایڈ منسٹر یٹو سٹاف کالج لاہور کے ڈین ڈاکٹر محمد جمیل آ فاقی کو تین ماہ کیلئے سونپاگیا ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نےگریڈ 22 کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران کواس کلیدی عہدے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔جن کے ساتھ تازہ ترین سی وی اور تصاویر منسلک کرنا لازمی ہوگا۔ سی وی میں تاریخ پیدائش، سروس جوائن کرنے اور گریڈ 22 پروموشن کی تاریخ کے ساتھ ساتھ سروس گروپ، تعلیمی قابلیت اور تجربے کی مکمل تفصیلات فراہم کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے، علاوہ ازیں امیدوار کے کلیدی عہدوں اور نمایاں کارہائے نمایاں کو بھی درخواست کا حصہ بنانا لازم ہوگا۔