کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی کے بھائی اور چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔فرحان غنی،قمر احمد خان ،شکیل چانڈیو ،سکندر اور روحان کے خلاف کار سرکار میں مداخلت ،اسلحہ کے زور پر جان سے مارنے، جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے ،حبس بے جا میں رکھنے اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ تھانہ فیروز آباد میں درج کیا گیا ہے۔مدعی حافظ سہیل کے مطابق وہ سرکاری ملازمت کرتا ہے ،22 اگست کو وہ زیر زمین کیبل بچھانے کے کام کی نگرانی کر رہا تھا کہ 20 سے 25 افراد جن میں مذکورہ افراد بھی موجود تھے بدتمیزی ،گالم گلوچ اور مار پیٹ شروع کر دی ۔مدعی کے مطابق ملزمان نے اسے زبردستی گھسیٹے ہوئے قریب واقع پٹرول پمپ کے ایک کمرے میں محبوس کر دیا اور مسلسل مار پیٹ کرتے رہے۔فرحان غنی کی گرفتاری کے حوالے سے رات گئے ایس ایس پی ایسٹ اور ایس پی جمشید سے رابطہ کیا گیا تاہم ان کی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا۔