کراچی( اسٹاف رپورٹر ) کراچی میں شہری تو ایک طرف پولیس افسران بھی ڈکیتوں سے محفوظ نہیں رہے۔ ڈیفنس فیز5خیابان مجاہد میں واقع سندھ پولیس کے افسر اور اے آئی جی اسٹیٹ مینجمنٹ توحید الرحمان اور ترجمان حکومت سندھ سیدہ اقرب کے گھر5مسلح ڈاکو اہلخانہ کو یرغمال بنا کر کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔ ڈاکوئوں نے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر کارروائی کی اور جاتے ہوئے دروازہ بند کرکے چلے گئے، صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈاکوئوں کی جلد گرفتاری کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ درخشاں میں توحید الرحمن کے گن مین کانسٹیبل فیصل الطاف کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مدعی کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی صبح 4بجکر 45منٹ کے قریب میں گارڈ روم میں اپنی سرکاری رائفل تکیے کے نیچے رکھ کر سو رہا تھا کہ تین مسلح ملزمان جنکے پاس پستول موجود تھے نے مجھے اٹھایا اور اندر لے گئے۔اندر آیا تو ملزمان نے توحید الرحمن کی فیملی کو یرغمال بنایا ہوا تھا جبکہ اندر دو اور مسلح ملزمان موجود تھے جنہوں نے مجھ سے چابی کے بارے میں پوچھا تو میں نے بتایا کہ نیچے کولر کے پاس پڑی ہے جسکے بعد دو ملزمان نے ہم سب کو یرغمال بنا لیا اور تین ملزمان گھر کی تلاشی لینے لگے اور پھر دروازے بند کر کے چلے گئے۔ مدعی کے مطابق ملزمان کے جانے کے بعد گھر کا سامان چیک کیا تو توحید الرحمن سے معلوم ہوا کہ 90 لاکھ مالیت کے امریکی ڈالر،10 لاکھ پاکستانی روپے، ایک کروڑ دس لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیوارات اور ایک موبائل فون ڈاکو لوٹ کر فرار ہوئے۔دوسری جانب ڈیفنس کے علاقہ میں ایس ایس پی توحید میمن اور ترجمان حکومت سندھ سیدہ اقربا کے گھر ڈکیتی کی واردات پر وزیر داخلہ سندھ ضیا ء الحسن لنجار نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ کو احکامات جاری کیے ہیں کہ فی الفور جملہ ابتدائی پولیس کارروائی سے آگاہ کریں ۔