اسلام آباد (نیوز رپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں لینڈ سلائیڈنگ سیلاب اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کاالرٹ جاری کردیا ہے، این ڈی ایم اے نے کہا ہےکہ بارش برسانے والے تین سسٹم داخل ہورہے ہیں، بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں، سندھ ، پنجاب، خیبرپختونخوا ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت میں 30اگست تک بارشوں کا امکان ہے ، ندی نالوںمیں طغیانی کا خدشہ ہے، سیاح ممکنہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔جمعہ کو این ڈی ایم اے سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے کے این ای او سی 23 تا 30 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ موسمی صورتحال، بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورت پر الرٹ جاری کر دیا،این ای او سی کے مطابق پاکستان میں تین بارش برسانے والے موسمی سلسلے داخل ہورہے ہیں جس کے زیر اثر 23 تا30 اگست کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ 23 تا 25 اگست کے دوران اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں۔شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال جبکہ پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔ پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع بشمول راولپنڈی، اٹک، جہلم،میانوالی، خوشاب ، سرگودھا،سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں شدید بارشیں متوقع ہے۔