وادی تیراہ( نمائندہ جنگ) دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے دو جوان شہیدہو گئے۔ 27بریگیڈ کے انڈر کمانڈ 31بلوچ کی سالار پوسٹ پر اچانک فائرنگ ‘ سرچ آپریشن شروع، پاک افغان سرحد کے قریب قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل وادی تیراہ میں دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق واقعہ تھانہ وادی تیراہ کے حدود میں پیش آیا، جہاں 27 بریگیڈ کے انڈر کمانڈ ایریا میں موجود یونٹ 31بلوچ کی سالار پوسٹ پر دہشت گردوں نے اچانک فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں لانس نائیک علی حسن جان اور سپاہی نبی جان شہید ہو گئے۔ دونوں شہداء کا تعلق یونٹ 31بلوچ سے ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کا سراغ لگایا جا سکے۔ مقامی عمائدین اور عوامی حلقوں نے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے شہداء قوم کا فخر ہیں۔ شہداء کے لواحقین کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ سرکاری سطح پر بھی اس واقعے کی مذمت کی گئی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مزید سخت کیا جائے گا۔