سکھر (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر توانائی، معدنیات و ترقی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کہنے سے صوبے نہیں بنتے، سندھ تقسیم نہیں ہونے دیں گے،عوام کے بنیادی مسائل حل کرنا وقت کی ضرورت ہے، نئے صوبے بننے کا کہہ دینا آسان ہے، اس کے لئے وسائل و ضروریات کون پوری کرے گا، پی پی کا موقف واضح ہے کہ سندھ تقسیم نہیں ہونے دینگے، یہ شوشے ہوتے ہیں جو آئے دن چھوڑ دیے جاتے ہیں، ایسا کچھ بھی نہیں، کچے کے لوگوں کو بچانے کے لئے دریا سے نکال رہے ہیں مگر اکثریت محفوظ مقام پر جانے کو تیار نہیں، ان کا خیال ہے کہ پانی زیادہ نہیں آئے گا، اس وقت پانچ لاکھ کیوسک پانی ہے، زیادہ خطرہ نہیں، انڈیا بھی جارحیت کرتا ہے او رپانی چھوڑ دیتا ہے جبکہ بارش کی وجہ سے بھی بعض اوقات زیادہ پانی آجاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ کراچی میں برسات سے لوگوں کو تکلیف پہنچنے پر معذرت خواہ ہیں، غیر معمولی بارش کے دوران پانی کی نکاسی مشکل ہوتی ہے۔