کراچی (اسد ابن حسن) محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن افسران، اہلکاروں اور بلڈرز کے خلاف نیشنل اکاؤنٹبلٹی بیورو (نیب) کراچی کی ایک بڑی اور اہم انکوائری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ مذکورہ انکوائری گلشن ٹاؤن، بالمقابل سوک سینٹر ایک بڑی سرکاری اراضی جس کا رقبہ 21 ایکڑ ہے اس کے غیر قانونی الاٹمنٹ کے حوالے سے شروع کی گئی تھی۔ مختلف ادوار میں اس اراضی پر چھوٹے بڑے پلاٹ پلان کر کے فروخت بھی کیے جاتے رہے۔ نیب نے اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن بھی عوام الناس کے لیے جاری کیا ہے کہ تمام لین دین کے بارے میں لوگ ہوشیار رہیں اور کسی بھی دھوکے دہی سے لین دین اور فراڈ کے واقعے سے بچنے کو یقینی بنائیں۔ عام لوگوں، خریداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ادائیگی اور دیگر متعلقہ دستاویزات وغیرہ کے مشاہدے کے لیے، ملکیت کے مکمل دستاویزات اور اس کی تصدیق شدہ کاپیوں کا ایک سیٹ بشمول ادائیگی کی رسیدیں اور دیگر مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ 31 اگست تک نیب کراچی سے رابطہ کریں۔