کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پرکنٹینرز کے بیک لاگ کا خاتمہ، تجارتی سرگرمیاں بحال، بزنس کمیونٹی نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (کے آئی سی ٹی) پرکنٹینرز کے بیک لاگ کے خاتمے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیک لاگ کی وجہ سے کنٹینرز کی کلیئرنس میں تاخیر آپریشنل مسائل کا سبب بن رہے تھی۔ کراچی کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن (کے سی اے اے) کے جنرل سیکرٹری شیخ وقاص انجم نے اس پیش رفت پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کنٹینرز کے بیک لاگ کا خاتمہ کے سی اے اے، پاکستان کسٹمز اپریزمنٹ (ویسٹ) اور کے آئی سی ٹی کی انتظامیہ کے درمیان مؤثر تعاون کے ذریعے ممکن ہوا۔کے سی اے اے نے اس مسئلے کو بروقت حل کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا۔انہوں نے کسٹمز ڈیپارٹمنٹ اور کے آئی سی ٹی انتظامیہ کی طرف سے اس معاملے پر مسلسل توجہ دینے اور معمول کے امورکی روانی کو بحال کرنے کی کوششوں کو سراہا اور ساتھ ہی اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی کارکردگی کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے بیک لاگ کا سامنا نہ ہو۔کراچی کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بندرگاہ کے آپریشنل امور کی مسلسل نگرانی کرے گی اور کسٹمز حکام کے ساتھ ساتھ ٹرمینل آپریٹرز کے ساتھ رابطے میں رہے گی تاکہ اپنے ممبران کے مفادات کا تحفظ اور تجارتی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔