کراچی (نیوز ڈیسک)ایرانی سائنسدانوں کی روسی ہتھیاروں کے ادارے سے دوسری خفیہ ملاقات برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نے سی آئی اے کے سابق تجزیہ کار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے دفاع سے منسلک سائنسدان "لیزر ٹیکنالوجی اور اس میں مہارت کی تلاش میں ہیں جو انہیں جوہری دھماکا خیز تجربہ کیے بغیر ایک جوہری ہتھیار کے ڈیزائن کی توثیق میں مدد دے سکے۔ تفصیلات کے مطابقایرانی دفاعی ادارے سے منسلک ایرانی سائنسدانوں نے گزشتہ سال روس کا دوسرا خفیہ دورہ کیا، اس دوران انہوں نے روس میں فوجی تحقیق سے منسلک روسی اداروں سے ملاقات کی ہے، امریکاکے مطابق یہ ممکنہ جوہری ہتھیاروں کی ایپلی کیشنز کے ساتھ دوہرے استعمال کی ٹیکنالوجیز (dual-use technologies) حاصل کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ، جس کا پہلے انکشاف نہیں ہوا تھا، 7 اور 11 نومبر 2024 کے درمیان منعقد ہوا اور اس میں ایسے طبعیات دان اور انجینئرز شامل تھے جنہوں نے لگاتار نمبر والے سفارتی پاسپورٹ پر سفر کیا اور فوجی تحقیق سے منسلک روسی اداروں سے ملاقات کی۔