• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی کالعدم TLP کے عرس پر کسی بھی طرح کی سرگرمی پر سخت پابندی

لاہور (آصف محمود بٹ)بانی کالعدم ٹی ایل پی (TLP) کے عرس پرکسی بھی طرح کی سرگرمی پر سخت پابندی عائد۔ پنجاب حکومت نے کالعد م تحریک لبیک (ٹی ایل پی) کےبانی خادم حسین رضوی کے ممکنہ عرس کے تناظر میں صوبے بھر میں پابندیوں کو مزید سخت کرتے ہوئے واضح کیا ہےکہ 19، 20 اور 21 نومبر کو کسی بھی قسم کی سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اعلیٰ حکام کے مطابق تمام اضلاع کو سخت احکامات جاری کر دیے گئے ہیں کہ ان تاریخوں پر “بالکل کوئی سرگرمی” نہ ہونے دی جائے، اور معمولی خلاف ورزی کو بھی سنگین انتظامی کوتاہی سمجھا جائے گا۔ یہ ہدایات رواں ہفتے وزیرِاعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کے بعد جاری کی گئیں جہاں ممکنہ ٹی ایل پی نقل و حرکت کے سیاسی و سیکیورٹی اثرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔پنجاب حکومت کے ایک اعلی سرکاری افسر نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ لاہور میں ٹی ایل پی سے متعلق مقدمات کی تیز رفتار سماعت کے لیے ایک مکمل طور پر مختص انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) قائم کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اس عدالت میں روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی تاکہ غیر ضروری تاخیر ختم ہو سکے۔ اس سلسلے میں ایڈووکیٹ جنرل آفس اور چیف سیکریٹری ضروری طریقہ کار کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ادھر صوبائی حکومت نے نگرانی اور فیلڈ آپریشنز میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ خصوصی ٹیمیں ممنوعہ تنظیموں کی وال چاکنگ، بینرز، پوسٹرز اور دیگر تشہیری مواد کے خلاف مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید