کراچی (ذیشان صدیقی/ اخترعلی اختر ) ورلڈ کلچرل فیسٹیول ، فلم اسکریننگ، میوزک ورکشاپ اور تھیٹر، میوزک ہماری روح کا حصہ ہے، اس کی کوئی سرحد نہیں ہوتی،ارجنٹیناکی فنکارہ ڈیانا۔ تفصیلات کے مطابق آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 39روزہ ”ورلڈ کلچرل فیسٹیول 2025“ کے 20 ویں روز پاکستانی رومانوی و مزاحیہ فلم ” Ready Steady No “ پیش کی گئی، ارجنٹینا کی فنکارہ ڈیانا کی جانب سے میوزک ورکشاپ ہوئی اور تھیٹر پلے ” Running for my life“ شائقین کی دلچسپی کا باعث بنا۔ فیسٹیول کے بیسویں روز کا آغاز مصنف و ہدایت کار Hisham Bin Munawwar کی فلم ” Ready Steady No سے کیاگیا، فلم کی کاسٹ میں فیصل سیف ، آمنہ الیاس ، سلمان شاہد ، زین افضل ، اسما عیل تارا ، نرگس رشید ، نیر اعجاز ، مرحوم احمد بلال اور منیر احمد شامل تھے۔ ارجنٹینا کی فنکارہ Diana کی جانب سے میوزک ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا جس میں انہوں نے میوزک کمپوزیشن، ردھم اور لاطینی موسیقی کی تکنیکوں کے بارے میں طلباءکو بتایا، تربیتی میوزک ورکشاپ میں ساؤتھ افریقہ کے فنکاروں، نوجوان موسیقاروں سمیت طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فن موسیقی کے گُر سیکھے۔ ڈیانا نے میوزک اکیڈمی کے طلباءکے ساتھ پرفارمنس کا مظاہرہ بھی کیا۔ فیسٹیول کے 20ویں روز کینیا کی Khalahaتھیٹر کمپنی کی جانب سے تھیٹر پلے ”Running for my life “ پیش کیا گیا ، تھیٹر کے ہدایت کارTheru Nderituتھے۔