لاہور(نمائندہ خصوصی) قائم مقام امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے جماعتِ اسلامی کے 85 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر کہا کہ جماعتِ اسلامی نے 84 سال مسلسل غلبہ دین کے لیے دعوتِ دین، آئینی سیاسی جمہوری مزاحمت، انسانوں کی بےلوث خدمت اور افرادِ کار کی قرآن و سُنت کی تعلیمات کی روشنی میں ذہن و کردار سازی کی جدوجہد جاری رکھی۔ مولانا سیّد ابوالاعلیٰ مودودیؒ، میاں طفیل محمدؒ، قاضی حسین احمدؒ، سیّد منور حسنؒ، جناب سراج الحق نے اپنے دورِ امارت میں اقامتِ دین کے لیے گرانقدر خدمات انجام دیں، جماعتِ اسلامی سیاسی یا مذہبی تنظیم نہیں بلکہ احیائے اسلام کی مبارک جدوجہد اور تحریک ہے۔ 84 سال کے سفر میں جماعتِ اسلامی کی قیادت کو قید و بند، حکومتوں کے فسطائی ہتھکنڈوں، جماعتِ اسلامی پر پابندی، بانی جماعتِ اسلامی مولانا مودودیؒ کو فوجی عدالت سے سزائے موت، پاکستان کی نظریاتی، جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔