کراچی ( ثاقب صغیر )مختلف جرائم میں ملوث ہونے پر رواں برس سندھ پولیس کے 336افسران و اہلکاروں پر291مقدمات درج کیے گئے ہیں، پولیس اہلکار اغوا برائے تاوان ، بھتہ خوری، جعلی مقابلوں ، اسمگلرز کی سہولت کاری سمیت مختلف جرائم میں ملوث ہیں۔تفصیلات کے مطابق رواں برس سندھ کے مختلف تھانوں میں سندھ پولیس کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف291مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ان مقدمات میں336پولیس افسران و اہلکاروں کو نامزد کیا گیا ہے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق نامزد افسران اور اہلکاروں میں سے 174 کو گرفتار 249کو معطل اور 22 کو نوکری سے برطرف کیا گیا، 12 اہلکار مفرور جبکہ 149 ضمانت پر ہیں۔درج مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ کے تحت ایک ، اغوا برائے تاوان کی دفعہ کے تحت 15 ،بھتہ خوری کی دفعہ کے 14 اور جعلی مقابلوں کے 11 کیسز بھی شامل ہیں۔پولیس ریکارڈ کے مطابق کراچی کے ایسٹ زون میں 37 ،ویسٹ زون میں 8 اور ساؤتھ زون میں 19 پولیس اہلکار مختلف مقدمات میں نامزد ہیں۔میر پور خاص رینج میں 24، حیدر آباد رینج میں 77 ، شہید بے نظیر آباد رینج میں 57 ،سکھر رینج میں 51 اور لاڑکانہ رینج میں 63 پولیس افسران اور اہلکار مختلف ایف آئی آرز میں نامزد ہیں۔کراچی کے ایسٹ زون میں 13 اہلکار بھتہ خوری اور 24 مختلف مقدمات میں نامزد ہیں،ایسٹ زون میں 21 اہلکاروں کو گرفتار، 21 کو معطل اور 5 کو نوکری سے برطرف کیا گیا جبکہ 16 اہلکار ضمانت پر ہیں۔ویسٹ زون میں ایک اہلکار کو نوکری سے برطرف اور ایک کو معطل کیا گیا جبکہ 7 اہلکار ضمانت پر ہیں۔ساؤتھ زون میں 18 اہلکاروں کو معطل اور 14 کو گرفتار کیا گیا ہے، ایک اہلکار مفرور جبکہ 4 ضمانت پر ہیں۔میرپور خاص رینج میں 17 پولیس اہلکاروں کو گرفتار اور 16 کو معطل کیا گیا۔ایک اہلکار مفرور جبکہ 6 ضمانت پر ہیں۔حیدر آباد رینج میں 63 اہلکاروں کو معطل ،25 کو گرفتار اور 2 کو نوکری سے برطرف کیا گیا، دو اہلکار مفرور جبکہ 50 ضمانت پر ہیں۔شہید بے نظیر آباد رینج میں 32 اہلکاروں کو معطل ، 35 کو گرفتار اور 2 کو نوکری سے برطرف کیا گیا،دو اہلکار مفرور جبکہ 20 ضمانت پر ہیں۔سکھر رینج میں 47 اہلکاروں کو معطل، 34 کو گرفتار جبکہ 6 کو نوکری سے برطرف کیا گیا، دو اہلکار مفرور جبکہ 15 ضمانت پر ہیں۔لاڑکانہ رینج میں 51 اہلکاروں کو معطل ، 28 کو گرفتار جبکہ 6 کو نوکری سے برطرف کیا گیا، 4 اہلکار مفرور جبکہ 31 ضمانت پر ہیں۔ان اہلکاروں کے خلاف اغوا برائے تاوان ، بھتہ خوری ، اسمگلرز کی سہولت کاری ، جعلی پولیس مقابلوں سمیت مختلف جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔