لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا سیلاب متاثرین کے لیے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک ریسکیو کیے گئے سیلاب متاثرین کی تعداد 1 لاکھ 54 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں 63 ہزار 788 مرد، 45 ہزار 337 خواتین اور 45 ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں صوبہ بھر کے 15 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار حصہ لے رہے ہیں جبکہ متاثرین کی محفوظ مقامات تک منتقلی کے لیے پنجاب پولیس کی 700 سے زائد گاڑیاں اور 40 کشتیاں استعمال کی جا رہی ہیں،آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے اور دریاؤں کے کنارے آباد دیہات و آبادیوں میں پولیس کی پٹرولنگ باقاعدگی سے جاری رکھی جائے۔