مسلم ایسوسی ایشن کیتھلے کے زیر اہتمام عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں شانِ مصطفی ﷺ کے اظہار کے لیے ایک عظیم الشان جلوس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔
جلوس کی قیادت برطانیہ اور پاکستان سے آنے والے علماء کرام نے کی، جب کہ منتظمِ اعلیٰ الحاج علی اکبر چشتی (جوائنٹ سیکرٹری مسلم ایسوسی ایشن کیتھلے) نے معزز مہمانوں کو ہار پہنا کر خوش آمدید کہا۔
جلوس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور میلادالنبی ﷺ کا کیک کاٹنے سے ہوا، جس کا اہتمام سابق لارڈ میئر مرحوم عابد حسین جماعتی کے صاحبزادگان و برادران نے کیا۔ شرکاء جلوس درود و سلام کا ورد کرتے رہے جبکہ گزرگاہوں کو جھنڈیوں، بینرز اور استقبالیہ اسٹالز سے سجایا گیا تھا۔ جگہ جگہ عاشقانِ مصطفی ﷺ کو کیک، چائے اور لنگر پیش کیا گیا۔
جلوس کے دوران نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے مسلم ایسوسی ایشن کے رضاکار سابق میئر کونسلر ناظم اعظم کی قیادت میں متحرک رہے، جبکہ پولیس اہلکار ٹریفک کنٹرول کرتے رہے۔ سیکرٹری جنرل الحاج ظفر اقبال جماعتی شرکاء کی رہنمائی اور نیاز پیش کرنے والوں سے اظہارِ تشکر کے ساتھ دعائیں کرواتے رہے۔
شدید بارش کے باوجود شرکاء کا جوش و ولولہ کم نہ ہوا۔ جلوس مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا مرکزی مسجد پر اختتام پذیر ہوا، جہاں پیر منور حسین جماعتی، علامہ مفتی خورشید عالم صابری، علامہ مفتی محمد اسلم نقشبندی، پیر سید دلیر علی شاہ، پیر احمد رضا غزنوی، علامہ زاہد صدیقی، علامہ غلام محی الدین، علامہ حافظ حمزہ سبحانی، مولانا اسلام رشید، علامہ عمر عاصم، حافظ عمر رضوی سمیت دیگر علماء نے اختتامی دعا کرائی اور بعد ازاں نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔
بعد ازاں میلاد کانفرنس اور گیارہویں شریف کی روحانی محفل کا انعقاد ہوا، جس میں علماء کرام نے سیرت النبی ﷺ اور بزرگانِ دین کی تعلیمات پر عمل کرنے پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل الحاج علی اکبر چشتی نے تمام علما، کمیونٹی اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ کیتھلے کی سرزمین پر تمام مساجد کے اشتراک سے مرکزی میلاد جلوس ہر سال مسلم ایسوسی ایشن کیتھلے کے صدر علامہ شوکت میرپوری کی زیر نگرانی نکالا جاتا ہے، جس میں ہزاروں افراد شریک ہوتے ہیں۔